لاہور،09اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ہنٹنگ اینڈ سپورٹنگ نائیوز سورڈز اینڈ اسیسریز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین ندیم احمد وڑائچ کر رہے تھے۔پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شکار کے آلات کی تیاری کے سیکٹر کے فروغ اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ وزیر آباد کی آباد کاری کے امور پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے،اس انڈسٹری کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کئے گئے ہیں،دستکاری کے فن کی ترویج کیلئے بلاسود قرضوں کی 2 نئی سکیمیں لائی جا رہی ہیں،ان سکیموں کے تحت دستکاروں کو 5 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض ملے گا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ انڈسٹریل اسٹیٹس کی 100فیصد آباد کاری حکومت کی پالیسی ہے،پالیسی کے مطابق انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹس کینسل کئے گئے ہیں۔سمال انڈسٹریل اسٹیٹ وزیر آباد میں ایسوسی ایشن سے وابستہ صنعتکار صنعتی یونٹس لگائیں،قرض کی سہولت کیلئے پنجاب بنک سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہنٹنگ اینڈ سپورٹنگ نائیوز سورڈز اینڈ اسیسریز ایسوسی آف پاکستان اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مل بیٹھ کر معاملات طے کریں۔ چیئرمین ایسوسی ایشن ندیم احمد وڑائچ نے کہاکہ ہنٹنگ اینڈ سپورٹنگ نائیوز سورڈز سیکٹر میں ویلو ایڈیشن اور برآمدات کا بڑا پوٹینشل موجود ہے،بدقسمتی سے اس سیکٹر کی عالمی مارکیٹ حصہ نہ ہونے کے برابر ہے،اس سیکٹر کو فروغ دے کر برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے مواقع بڑھائے جاسکتے ہیں، حکومت اس سیکٹر کے فروغ کیلئے ڈائریکٹ قرضوں کی سہولت فراہم کرے۔ وفد میں سینئر وائس چیئرمین اضرار امتنان اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران شامل تھے۔ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مبین الہٰی،ڈائریکٹر اسٹیٹ صبیح ذکاء اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔











