لاہور، 17 اپریل(اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی ای وی سیکٹر سے وابستہ سرمایہ کار کمپنی کے وفد نے پیسک ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی کمپنی نے الیکٹرک وہیکلز، ای وی چارجنگ اسٹیشنز اور لیتھیم بیٹریوں کے اسیمبلنگ پلانٹس لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور مقامی افرادی قوت کی تربیت میں تعاون کی پیشکش بھی کی۔ ابتدائی مرحلے میں ای وی رکشہ اور بیٹری پلانٹس جبکہ دوسرے مرحلے میں چھوٹی الیکٹرک گاڑیوں کی اسمبلنگ کا منصوبہ زیر غور ہے۔ کمپنی کی جانب سے کوالٹی ٹیسٹنگ سینٹر کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور مراعات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ای وی سیکٹر کا فروغ ترجیح ہے اور ماحول دوست و سستی ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی اور ای وی ٹیکسی سکیم شامل ہیں۔
انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ٹائر مینوفیکچرنگ سمیت دیگر شعبوں میں بھی مشترکہ منصوبوں پر زور دیا۔ ملاقات میں متعلقہ حکام اور بزنس کمیونٹی کے نمائندے بھی شریک تھے۔











