لاہور میں پاکستان ویمنز کرکٹرز کے اسکلز اور فٹنس کیمپ کا اختتام

12

لاہور، 23 اپریل ( اے پی پی): لاہور میں پاکستان ویمنز کرکٹرز کے اسکلز اور فٹنس کیمپ کا باقاعدہ اختتام ہو گیا ہے، کیمپ کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کی انفرادی خامیوں کو دور کرنا اور مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا تھا۔ ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے کیمپ کے اختتام پر کہا کہ اس کیمپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں سامنے آنے والی تکنیکی خامیوں بالخصوص فٹنس اور بولنگ کے مسائل پر بھرپور کام کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل پیدا ہو اور وہ نڈر ہو کر اٹیکنگ کرکٹ کھیل سکیں۔ وہاب ریاض نے کہا کہ ٹیم کا ہدف زمبابوے کے خلاف ہونی والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہے، جس کے لیے کیمپ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو سیناریو میچز کے ذریعے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔

قومی کھلاڑیوں سعدیہ اقبال اور ایمان فاطمہ نے کیمپ کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاب ریاض اور عمران فرحت کی نگرانی میں اسکلز، فیلڈنگ اور اسٹیمنا پر کام کرنے سے انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں بڑی مدد ملے گی، جبکہ فٹنس لیول میں بہتری سے کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔