ملتان :عیدالفطر کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات شروع

8

ملتان ،30 اپریل (اے پی پی ): ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالفطر کے موقع پر شہر بھر میں صفائی کے خصوصی انتظامات کا آغاز کر دیا، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار احمد نے صفائی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے کمپنی اور کنٹریکٹرز کو جامع عید پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بڑی مارکیٹس میں ویسٹ بنز کی تنصیب یقینی بنائی جائے اور تاجر یونین کو بھی صفائی پلان میں شامل کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ صفائی کی ریکوری اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے، جبکہ ناقص کارکردگی پر کنٹریکٹرز کو بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سی ای او ذوالفقار احمد نے بتایا کہ عید کے موقع پر آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی اور عملہ صفائی کی حاضری چیک کرنے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر، اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔