ملتان میں معرکہ حق بنیان مرصوص استحکام پاکستان کانفرنس، افواجِ پاکستان کو شاندار خراجِ تحسین

13

ملتان، ،27 اپریل (اے پی پی ): شہر اولیاء ملتان میں معرکہ حق بنیان مرصوص استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں افواجِ پاکستان کو ان کی شاندار خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کانفرنس میں آپریشن معرکہ حق بنیان کی فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی جشن منایا گیا۔

کانفرنس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی و امام بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی  اس موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم خاں، آر پی او عثمان اکرم گوندل، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق سمیت اعلیٰ سول و پولیس حکام نے بھی شرکت کی۔اپنے خطاب میں مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور پاکستان لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے بغیر استحکامِ پاکستان ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کا غرور خاک میں ملا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر ملک کا وقار عالمی سطح پر بلند کیا۔انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں اور پوری قوم اپنی قیادت اور سپہ سالار کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور افواجِ پاکستان ہمارا فخر ہیں۔کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سبز ہلالی پرچم لہرایا اور فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر حرمین شریفین کے تحفظ، ملکی سلامتی، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی کانفرنس میں شریک رہے۔