ملتان ,25 اپریل (اے پی پی):ملتان میں سرکاری ملازمین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے وحدت کالونی میں روڈ نیٹ ورک کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔کمشنر نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر 8 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور اسے 4 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1960 میں قائم وحدت کالونی طویل عرصے سے بنیادی سہولیات سے محروم رہی ہے اور یہاں سڑکوں کی بڑے پیمانے پر بحالی کا کام کبھی نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ 400 کنال پر محیط اس کالونی میں 230 اسٹاف کوارٹرز، 52 افسران کی رہائش گاہیں اور ایک آفیسرز ہاسٹل موجود ہے، تاہم قیام کے بعد سے اب تک صرف معمول کی مرمت تک ہی اقدامات محدود رہے جس کے باعث سڑکیں خستہ حال ہو چکی تھیں اور سرکاری ملازمین کو مشکلات کا سامنا تھا۔عامر کریم خاں نے کہا کہ شہری خوبصورتی کے ساتھ ساتھ سرکاری رہائشی کالونیوں کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وحدت کالونی میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، ایڈیشنل کمشنر کریم بخش، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن، ڈائریکٹر تعلقات عامہ سجاد جہانیہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ارم سلیمی، اسسٹنٹ کمشنر فہد اریب، ایکسئن بلڈنگ میاں افتخار سمیت دیگر افسران اور سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔











