ملتان : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہر اولیاء کے تاریخی ورثہ کی بحالی کا میگا پراجیکٹ تیزی سے جاری

11

ملتان17اپریل )اے پی پی):  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہر اولیاء ملتان کے تاریخی ورثہ کی بحالی کا میگا پراجیکٹ تیزی سے جاری ہے جس کے تحت والڈ سٹی اتھارٹی قلعہ کہنہ، دمدمہ، لنگر خانہ، قدیمی لائبریری اور فوڈ سٹریٹ سمیت مختلف مقامات کی اپ گریڈیشن پر کام کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے قلعہ کہنہ، دمدمہ، لنگر خانہ اور فوڈ سٹریٹ منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا جہاں والڈ سٹی اتھارٹی کے حکام نے جاری ترقیاتی کاموں پر پیشرفت بارے بریفنگ دی۔

 ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قلعہ کہنہ، دمدمہ اور قدیمی لائبریری کی اپ گریڈیشن کے ذریعے ملتان کی صدیوں پرانی تہذیب کو اجاگر کیا جائے گا جبکہ شہریوں کو جدید تاریخی و ثقافتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جس سے سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

 انہوں نے منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ لنگر خانہ 188 ملین، لائبریری 43 ملین، کیفے 39 ملین اور فوڈ سٹریٹ 129 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کی جا رہی ہیں جبکہ والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت 463 ملین روپے سے فصیل کی مکمل اپ گریڈیشن بھی کی جائے گی۔