لاہور، 19 اپریل (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں مری اور کوٹلی ستیاں کی ترقی و بحالی سے متعلق اہم منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں سیاحت کے فروغ کے لیے پنجاب کا پہلا سکائی گلاس برج کوٹلی ستیاں میں تعمیر کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس میں مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے سدباب کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ مڈ فلو ڈاؤن ہل ایفیکٹ سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی۔ چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی، نمل جھیکا گلی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی اور امداد کے اقدامات کا بھی حکم دیا گیا۔
اجلاس میں مری میں تین نئے ہاسپٹیلٹی زونز قائم کرنے کی منظوری دی گئی جو شوالا، سوزو اور برروری کے علاقوں میں بنائے جائیں گے۔ ان زونز میں نجی شعبے کے اشتراک سے فائیو اسٹار معیار کے ہوٹلز تعمیر کیے جائیں گے۔ مری بحالی پراجیکٹ کے لیے ماہرین کی ٹیم تشکیل دینے اور تجاوزات کے باعث گرائی گئی عمارتوں کا ملبہ فوری ہٹانے کی ہدایت بھی دی گئی۔اجلاس میں مری ریچ بل روڈ سمیت دیگر سڑکوں کی دس فٹ توسیع کا فیصلہ کیا گیا جبکہ مری گلاس ٹرین پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کے آغاز کے لیے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔ مری تحفظ و بحالی پلان پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔اس موقع پر مری اور کوٹلی ستیاں میں تین نئے پارکس کے قیام کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا جن میں انگوری روڈ پارک، ایم آئی ٹی پارک اور اریاڑی پارک شامل ہیں۔ بانسرہ گلی میں زولوجیکل گارڈن، ایکوزون، برج کراسنگ اور جدید کانفرنس روم کے قیام کی تجویز پیش کی گئی، جبکہ وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے بیئر ہاؤس، ٹائیگر ہاؤس اور برڈ ایویری قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور آیا۔سیاحت کے فروغ کے لیے چیوڑاہل میں مری کا پہلا جدید گلیمپنگ پوڈ ویلج قائم کرنے کی منظوری دی گئی، جس کا انتظام نجی شعبے کے سپرد کیا جائے گا۔ چیوڑا میں پیراگلائیڈنگ کلب پراجیکٹ کی بھی باضابطہ منظوری دی گئی۔اجلاس میں کوٹلی ستیاں چیئر لفٹ، پنجاب ہاؤس، فارسٹ ریسٹ ہاؤس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ضلع مری میں دریائے جہلم سے بلک واٹر سپلائی اسکیم کی فزیبلٹی رپورٹ 30 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ مری اور کوٹلی ستیاں میں 1876 گھروں میں رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم کامیابی سے جاری ہے جس سے خواتین اور بچوں کو دور دراز سے پانی لانے کی مشقت سے نجات ملے گی، جبکہ دھار جاوا اور ڈونگا گلی میں واٹر سپلائی اسکیم مکمل ہو چکی ہے۔اجلاس میں پنجاب میں پہلے فیسلیٹی مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات راجہ جہانگیر انور سے اس حوالے سے تفصیلی پلان طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ یونٹ صوبہ بھر میں پنجاب ہاؤسز اور دیگر سرکاری عمارتوں کی تعمیر، مرمت اور انتظامی امور سنبھالے گا۔











