لاہور۔25اپریل (اے پی پی):چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،کھیلوں کے فروغ کےلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں،پاکستان کی ترقی وخوشحالی،سربلندی ہمارا مقصد ہے،حکومت ملک کو معاشی استحکام کی جانب لے جانے کیلئے جامع حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کوگورنمنٹ ہائی سکول فار بوائز میں پہلی فیفا ارینا منی پچ کے اہم منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی حافظ نعمان،صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی،نوید اسلم خان لودھی،جواد احمد ڈوگر،علی رضا کمبوہ،فہد عباس کمبوہ،محمد اکبر،شبنم آصف،مہر اقبال، ملک مقصود احمد،شیخ مدثر حسین،ملک ظفر،ملک عامر حسین،یامین مغل،فٹبال ایسوسی ایشن کی انتظامیہ ،مقامی سماجی و سیاسی شخصیات ،سکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔رانا مشہود احمد خاں نے کہاکہ حکومت ملک بھر میں کھیلوں کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جا سکیں،اس طرح کے منصوبے نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ فیفا ایرینا منی پچ منصوبہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کا ایک اہم اقدام ہے،جس کا مقصد گراس روٹ لیول پر فٹبال کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے،دن رات کی محنت کا ثمر علاقے کو ملے گا،اس حوالے سے تمام سپورٹس اور ایجوکیشن کے ڈیپارمنٹس نے تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ فیفا کا یہ منصوبہ دو ماہ میں مکمل ہوگا،عالمی فٹبالرمیرا ڈونا اب یہاں پیدا ہوں گے،گراس روٹ سے شروع ہونے والے اس سفر کو مکمل کریں گے،وزیراعظم محمد شہباز شریف جلد فیفا کے صدر کے ہمراہ اس منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ جب جب مسلم لیگ ن نے اقتدار سنبھالا،عوام کیلئے ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے،خصوصا نوجوان نسل کو برسرروگاز کرنے اور ان کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنے کیلئے ریکارڈ منصوبے شروع کئے،بدقسمتی سے ماضی میں پاکستان کے خلاف بڑی سازشیں کی گئیں،پاکستان کی ترقی کو روکا گیا،دھرنوں کے ذریعے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کر دیا گیا،چین سمیت دیگر غیر ملکی سربراہان کے پاکستان کے دوروں میں خلل ڈالا گیا،لیکن آج حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت دوبارہ درست سمت میں گامزن ہو چکی ہے،آج کا پاکستان وہ پاکستان ہے جو دنیا سے کشکول لیکر بھیگ نہیں مانگ رہا بلکہ برابری کی سطح پر کاروبار کی بات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور مستقبل میں مزید بہتری کی توقع ہے، ہر آنے والا دن پاکستان کی عزت میں اضافے کا دن ہوگا،ہر آنے والا دن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا دن ہوگا۔انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی ،خوشحالی اور سربلندی ہمارا مقصد ہے،حکومت ملک کو معاشی استحکام کی جانب لے جانے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے،مختلف شعبوں میں اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان دن رات ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے،سفارتی میدان ہو یا جنگ کا میدان،پاکستان نے اپنی دھاک بٹھائی ہوئی ہے،اس کامیابی کے پیچھے پاک فوج کی قربانیوں کی لمبی داستان ہے،ہمارے جوان سرحدوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ہمیں چین کی نیند اور آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے حقوق کا دفاع کرنا جانتا ہے،جہاں ایک طرف بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن کو عبرتناک شکست کے بعد دنیا ہماری طاقت کو جان چکی ہے،اب پاکستان نے عالمی امن کیلئے علم بلند کیا ہوا ہے،مختلف علاقائی اور عالمی تنازعات میں پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات اور پرامن حل کو ترجیح دی ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی شب وروز کوششوں سے ایران اور امریکاکے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہونے جا رہا ہے،پوری دنیا پاکستان کے اس مثبت کردار کی معترف ہے،آج دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں،یہ وہ موقع ہے جب ہم ٹیک آف کی پوزیشن میں آ چکے ہیں،دہشت گردی کے واقعات میں کمی آ چکی ہے، گوادر پورٹ معاشی ہب ثابت ہو رہی ہے،اب بلوچستان کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر روز ایک نئے عوامی منصوبے کا آغاز ہو رہا ہے،پنجاب میں جو ترقیاتی کام پہلے محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کرتے تھے اب وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کررہی ہیں،وہ ترقیاتی منصوبوں کے میدان میں دوسرے صوبوں کے لیے ایک رول ماڈل بن چکی ہیں،صوبہ بھر میں شروع کئے گئے منصوبوں کو انگلیو ں پر گنا نہیں جا سکتا۔انہو ں نے کہا کہ ہم جب دوسرے صوبوں میں جاتے ہیں تو ہم سے سوال پوچھا جاتا ہے کہ کیا یہ ہمارے صوبے میں یہ ترقیاتی کام نہیں ہو سکتے،ہم کہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دو پھر دیکھو آپ کا صوبہ بھی پنجاب کی طرح ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہے،نوجوانوں کو با اختیار بنانا اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے،حکومت نوجوانوں کو برسر روزگار کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے،انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم، ہنر اور مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے،اس مقصد کے لیے یوتھ پروگرام کے تحت مختلف منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں،جن سے نوجوانوں کو نہ صرف بااختیار بنایا جا رہا ہے بلکہ انہیں قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بھی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال جولائی، اگست سے ٹیکنیکل تعلیم کی ٹریننگ فراہم کر کے10 ہزار بچے بچیوں کو روزگار اورآگے بڑھنے کا مواقع دیں گے تاکہ وہ پوری دنیا میں کہیں بھی جا کر روز گار کما سکیں ۔ممبرقومی اسمبلی حافظ نعمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ بھر کے لیے آج کا دن حقیقتا بڑی خوشی کا دن ہے کہ آج یہاں فیفا کے تعاون سے پاکستان کی پہلی فیفا ارینا منی پچ بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے آغاز کے لیے چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں اور اور صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی کی کوششیں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،اس طرح کے منصوبے ارتقاء پذیر معاشروں کی بنیادی ضرورت ہوتے ہیں،منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں بچے اور بچیوں کو صحت مند سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ وفاق میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اورصوبہ پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز اور ان کی پوری ٹیم ملک کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے وزیر اعلی مریم نواز کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے،آج ہماری مائیں اور بہنیں جب باہر نکلتی ہیں تو ان کو کوئی خوف اور خطر ہ نہیں ہے،مریم نواز کی قیادت نے ایک سایہ فراہم کیا ہے،آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔صدرپی ایف ایف محسن گیلانی نے کہا کہ یہ سنگ میل پاکستان بھر میں گراس روٹس سطح پر فٹ بال کے انفراسٹرکچر کی ترقی میں ایک اہم پیش رفت ہے،فیفا ایرینا ایک معیاری اور اعلی معیار کی منی پچ ہے جس کا مقصد کھیل کو سکولوں،محلوں اور عوامی مقامات تک قابل رسائی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ گراس روٹ پر فٹبال کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے،فٹ بال ہر بچے کے لیے قابل رسائی ہونی چاہیے،جس کے لیے پی ایف ایف نے صوبائی حکومتوں اور سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کی یہ پچ بہت سی پچز میں پہلی ہے،جلد دوسری پچ پر خیبر پختونخوا میں کام شروع ہوگا،یہ پیش رفت کھیل کے اداروں کے ساتھ ہونے والے روابط کا نتیجہ ہے،عالمی ادارے پاکستان میں فٹ بال کے انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے تعاون کے لیے تیار ہیں۔بعد ازاں چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے فیتہ کاٹ کرمنصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا،اس موقع پر صدرپی ایف ایف محسن گیلانی نے چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کو شیلڈ بھی پیش کی۔











