وزارت قانون و انصاف پارلیمانی قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، اعظم نذیر تارڑ

10

اسلام آباد،7 0اپریل(اے پی پی): وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وزارت قانون و انصاف پارلیمانی قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اٹارنی جنرل آفس کو ہر وقت مؤثر معاونت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت اپنی ذمہ داریاں بلا تعطل اور مؤثر انداز میں انجام دے رہی ہے اور مقدمات کی لائیو اپڈیٹس فراہم کرنے کے لئے جدید سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے۔ وزیر قانون نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو نظامِ انصاف میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر کامن ویلتھ ایوارڈ حاصل ہوا ہے جس سے عدالتی شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادِر اوزکایا کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، سیکرٹری قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے آئینی قانون، عدالتی اصلاحات، ججز کی تقرری کے طریقہ کار اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے بہترین طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ کیس مینجمنٹ سسٹمز ، کیس فلو مینجمنٹ سسٹمز ، پاکستان کوڈ اور عوام کو قوانین تک رسائی کے لئے ڈاکومنٹ ریٹریول سسٹم کے نفاذ پر بھی غور کیا گیا۔دریں اثنا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قادِر اوزکایا نے پاکستان میں آئینی عدالت کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور قانونی تعاون کے فروغ میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے عدالتی اور قانونی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔