لاہور،23اپریل (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی اہلیہ فرحت مشہود نے کہا ہے کہ دنیا کے بڑے ممالک جو کردار ادا نہ کر سکے آج پاکستان وہ کردار ادا کر رہا ہے، دنیا کے امن کے لئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار بے مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن گلشن راوی میں منعقدہ ڈیجیٹل پاکستان کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ فرحت مشہود نے مزید کہا کہ جنگ کی وجہ سے دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور ہمارے ملک میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں، تاہم قلت کا سامنا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک میں قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اشیا کی قلت بھی پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ قوم کا مستقبل ہیں اور حکومت آپ کے لیے کام کر رہی ہے۔ آپ ایمانداری کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور والدین و ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کی بات آئے تو تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر وطن کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کو صرف تفریح کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے بلکہ یہ آمدن کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کا مثبت استعمال ضروری ہے۔ فرحت مشہود نے کہا کہ حکومت نے نوجوانوں کے لیے مختلف پروگرامز شروع کیے ہیں جن سے طلبہ اور نوجوان فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنے پاؤ ں پر کھڑے ہو سکیں۔گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین گلشن راوی کی پرنسپل فوزیہ عمران نے مہمان خصوصی فرحت مشہود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک اہم موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا ہے جس سے طالبات یقینا مستفید ہوں گی اور یہ ان کے مستقبل کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید بدر سعید نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا ایک بڑی طاقت ہے، پاکستان میں9 ماہ کے دوران نوجوانوں نے ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے85 کروڑ ڈالر سے زائد کمائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے11 کروڑ افراد انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں اور پاکستان دنیا میں ڈیجیٹل میڈیا استعمال کرنے والا بڑا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر لفظ کی اہمیت ہے، اس لیے ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال میں احتیاط ضروری ہے۔ ہمیں ملک کا مثبت اور روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ دنیا آج ڈیجیٹل میڈیا کی بدولت ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے۔اس موقع پر رمشا عاطف نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کا آغاز 2013 میں کیا گیا تھا تاکہ نوجوان تعلیم اور روزگار کے مواقع حاصل کر کے کامیاب زندگی گزار سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اب تک6 لاکھ لیپ ٹاپس تقسیم کر چکی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے تاکہ نوجوان جدید مہارتیں حاصل کر سکیں۔انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ وزیراعظم کی جانب سے نوجوانوں کے لئے مرتب کردہ پروگرامز سے ضرور استفادہ حاصل کریں۔











