وزیراعلیٰ مریم نواز کا بڑا اقدام، سوشل میڈیا ہراسمنٹ کے خاتمے کیلئے پنجاب سائبر کرائم یونٹ کے قیام کی منظوری

11

لاہور, 10 اپریل (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر بچوں اور خواتین کو ہراسمنٹ اور بلیک میلنگ سے محفوظ بنانے کیلئے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے پنجاب سائبر کرائم یونٹ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔

 وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں سائبر کرائم کے تدارک کیلئے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ فیصلہ کیا گیا کہ بلیک میلنگ اور ہراسمنٹ کا شکار بچوں اور بچیوں کو شکایت درج کروانے کیلئے کسی تھانے یا دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ موبائل یونٹس ان تک خود پہنچیں گے۔

 اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سوشل میڈیا ہراسمنٹ کا شکار افراد، بالخصوص خواتین اور کم عمر بچے، ورچوئل پولیس اسٹیشن کے ذریعے بھی اپنی شکایات درج کرا سکیں گے جبکہ سائبر کرائم یونٹ کے فرنٹ ڈیسک اور “پی کے ایم” ایپ پر بھی شکایات درج کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ متاثرہ افراد کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔

 وزیراعلیٰ نے سائبر کرائم میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلانے کیلئے قانونی سازی کا فیصلہ بھی کیا اور پنجاب آن لائن سیفٹی ایکٹ 2026ء کے ابتدائی مسودے پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی، جو جلد پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں پنجاب پولیس کے تحت سائبر پٹرول ونگ اور سائبر پولیس اکیڈمی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

 وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سائبر جرائم کی روک تھام کیلئے پروایکٹو اپروچ اپنائی جائے جبکہ سوشل میڈیا مانیٹرنگ اور سرویلنس کیلئے جدید انٹیلی جنس سسٹم بھی قائم کیا جائے۔ مریم نواز شریف نے سائبر کرائم سے متعلق ڈیٹا کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائم ایک بڑا چیلنج ہے اور نئی نسل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بچیوں کو بلیک میلنگ سے بچانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور ٹولز کا بھرپور استعمال کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر نظر رکھیں اور اسے محدود کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے خلاف ڈیجیٹل جرائم کو ہر صورت روکنا ہوگا اور کسی کو بھی دوسروں کی پرائیویسی میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سوشل میڈیا پر جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر عبرتناک مثال قائم کی جائے گی۔