وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس، سُتھرا پنجاب پروگرام کو اتھارٹی ماڈل میں منتقل کرنے کا فیصلہ

10

لاہور، 10 اپریل (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ سُتھرا پنجاب پروگرام کو کمپنی سے اتھارٹی ماڈل میں منتقل کرنے سے کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ ویسٹ ٹو ویلیو فیز میں اس پروگرام کا ایک نیا اور مؤثر کردار سامنے آئے گا۔

 وہ ایم سی ایل ٹاؤن ہال لاہور میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے، جس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سیاسی امور ذیشان ملک، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز اور ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

 اجلاس میں لاہور میں جاری صفائی آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس کے دوران تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی متعلقہ تحصیلوں میں عارضی کولیکشن پوائنٹس کے قیام کیلئے سرکاری اراضی کی دستیابی پر رپورٹس پیش کیں۔

 ذیشان رفیق نے کہا کہ سُتھرا پنجاب پروگرام کے دائرہ کار میں بتدریج اضافہ کیا جا رہا ہے اور لاہور میں ریلوے کالونیوں اور ریلوے ٹریکس کی صفائی کیلئے اضافی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ ٹو ویلیو فیز کے حوالے سے تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس منصوبے کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر ذیشان ملک نے شہریوں کی شمولیت بڑھانے اور آگاہی مہم تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سُتھرا پنجاب پروگرام دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی کا باعث بنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پہلے مرحلے کی طرح دوسرے مرحلے ویسٹ ٹو ویلیو کے اہداف بھی کامیابی سے حاصل کیے جائیں گے۔