وزیرِ اعظم سے یونیسیف اور سیسے سے پاک مستقبل کے وفد کی ملاقات، بچوں کی صحت کے تحفظ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق

10

اسلام آباد، 30 اپریل (اے پی پی) : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے سیسے سے پاک مستقبل کی شراکت داری اور یونیسیف کے وفد نے یہاں ملاقات کی۔

وفد میں سیسے سے پاک مستقبل کے سیکریٹریٹ کے ڈائریکٹر عبداللہ فاضل، پاکستان میں یونیسیف کی نمائندہ پرنیل آئرنسائیڈ، اسٹینفورڈ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن سے جینا فارسیتھ اور ٹھامس ہرڈ شامل تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزراء احسن اقبال، مصطفی کمال اور عائشہ رضا فاروق کے علاوہ متعلقہ اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قوم کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسداد پولیو کو اولین ترجیح سمجھتا ہے اور انشاء اللہ جلد اس موذی مرض کے ملک سے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیسے کے اثرات کی وجہ سے بچوں میں ذہنی و جسمانی نشوونما کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، اس کا سدباب ایک چیلنج ہے جس کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون سے سیسے کے اثرات کی روک تھام کے لیے اقدامات کے حوالے سے پرعزم ہے۔

وفد کے شرکاء نے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں اپنے حالیہ دورے کے دوران کیے گئے سروے کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ وفد نے کہا کہ آپ کی قیادت میں بچوں کی پولیو سمیت موذی امراض سے حفاظت کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ شرکاء نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ اور ان کی نشوونما کے لیے خطرات کے سدباب کے اقدامات دیکھ کر خوشی ہوئی۔

وفد کے شرکاء نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت پاکستان صحت، تعلیم، نوجوانوں کی تربیت اور آئی ٹی کے شعبے میں گراں قدر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کو سیسے کے صحت پر نقصان دہ اثرات پر بریفنگ دی اور پاکستان میں اس کے پھیلاؤ کے علاقوں کی نشاندہی کی۔ وفد نے عوام میں سیسے کے نقصانات کے بارے میں آگاہی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔