اسلام آباد، 14 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے آئیسکوکے اے ایم آئی کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا جہاں سی ای او آئیسکو چوہدری خالد محمود نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پراے ایم آئی منصوبے پر وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئیسکو کے 25 فیصد صارفین کیلئے اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب ہو چکی ہے ، جس کے باعث اے ایم آئی میٹرز سے اوور بلنگ کے مسئلے پر قابو پایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ انسانی مداخلت کے خاتمے سے بلنگ سسٹم مزید مؤثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جون کے بعد صارفین کو بجلی کے بل اور سسٹم اسٹیٹس کی فوری معلومات موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے دستیاب ہوں گی جبکہ ون لنک کے ذریعے بلوں کی ادائیگی کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اے ایم آئی نظام کے تحت میٹر تبدیل کیے بغیر نیٹ میٹرنگ کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے اور وزیراعظم کے وژن کے مطابق بجلی کے شعبے میں شفاف اور جدید نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ آئیسکو میں 11 سے 12 لاکھ جدید میٹرز کی کنٹرول سینٹر سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جہاں وولٹیج، کرنٹ اور دیگر ڈیٹا کی مکمل نگرانی ممکن ہے۔ اس جدید نظام کے ذریعے خرابیوں کی فوری نشاندہی اور بروقت حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ جدید میٹرز میں بجلی چوری کی روک تھام کے لیے جدید الارم اور ایونٹ سسٹم نصب ہیں جس سے کنکشن کی منقطع اور بحالی کی لاگت میں نمایاں کمی ممکن ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے نظام میں شفافیت کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رکھا جائے گا اور سسٹم ڈیٹا کی بنیاد پر بہتر فیصلہ سازی کو فروغ دیا جائے گا۔ اے ایم آئی سسٹم کو مرحلہ وار ملک بھر میں وسعت دی جائے گی۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ ایک کروڑ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا جبکہ سنگل فیز میٹرز کی تیز رفتار ڈیجیٹائزیشن حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹائزیشن سے بجلی صارفین کو نمایاں سہولیات میسر آئیں گی











