اسلام آباد، 20اپریل:(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں امریکہ کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سفیر کو اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے تمام خاص مہمانوں کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور وہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہا۔
اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن بھی موجود تھے۔











