وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی سفیر سے ملاقات، مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے انتظامات پر گفتگو

11

اسلام آباد، اپریل(اے پی پی):  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیر کے روز ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی۔ملاقات میں اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سفارتی و مذاکراتی چینلز کے ذریعے پائیدار حل کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی سفیر کو اپنے حالیہ دورہ ایران کے بارے میں آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور غیر ملکی وفود کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاک ایران تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور ہم ان برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایران امریکہ تنازعہ کے مذاکرات کے ذریعے حل کا داعی ہے اور تنازعہ کا دیرپا حل ہی خطے کے استحکام و امن کا ضامن ہے۔

اس موقع پر ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مثبت و تعمیری کردار کو سراہا۔

ملاقات کے دوران چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔