پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیرِ اہتمام 8 سال بعد آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ٹورنامنٹس کا انعقاد، عالمی کھلاڑیوں کی آمد متوقع

10

اسلام آباد، 22 اپریل ( اے پی پی): پاکستان ٹینس فیڈریشن  کے زیرِ اہتمام آٹھ سال بعد  پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں 27 اپریل سے 10 مئی تک دو آئی ٹی ایف مینز ایم-15 فیوچرز ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو پاکستان کی عالمی ٹینس اسٹیج پر واپسی اور اس کھیل کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

ایونٹ میں دنیا بھر سے 60 سے زائد بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے،  جبکہ مقامی کھلاڑیوں کے لیے یہ ٹورنامنٹ عالمی سطح کا ایکسپوزر حاصل کرنے اور رینکنگ پوائنٹس بہتر بنانے کا ایک سنہری موقع ثابت ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے لیے سائن ان کی آخری تاریخ 24 اپریل مقرر کی گئی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ایونٹ کو یادگار بنانے کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔

  اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ان عالمی مقابلوں میں داخلہ بالکل مفت رکھا گیا ہے تاکہ وہ بڑی تعداد میں آ کر اس تاریخی لمحے کا حصہ بن سکیں اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔