اسلام آباد، 2اپریل (اے پی پی):پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ کی زیرِ قیادت پیرس میں پاکستان–فرانس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے سرکاری و کاروباری رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فورم میں زرعی، آئی ٹی، ٹیکسٹائل، توانائی اور سیاحت کے اہم شعبوں کی نمائندگی کی گئی، جبکہ 70 سے زائد پاکستانی و فرانسیسی کمپنیوں نے شرکت کر کے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے فورم کا باضابطہ افتتاح کیا اور پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی تجارتی و سرمایہ کاری منزل کے طور پر پیش کیا۔ انہوں نے سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور سہولت کاری اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ شراکت داری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر زور دیا۔
فورم کے دوران فرانسیسی کاروباری رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر اعتماد کا اظہار کیا اور نجی شعبے کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے فورم کو ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے تجارتی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز عالمی تجارتی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
فورم کے موقع پر ہونے والے بی ٹو بی سیشنز میں ٹیکسٹائل، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے گئے، جسے پاکستان–فرانس اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔











