پٹرول بحران کے دوران شہریوں کو بڑا ریلیف، ملتان میں 35 فری بسیں چلانے کا اعلان کے بعدباقاعدہ افتتاح

15

ملتان، 09اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پٹرول بحران کے دوران شہریوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ملتان میں 35 فری بسیں چلانے کا اعلان کر دیا، جن کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے جنرل بس اسٹینڈ پر کیا۔

افتتاحی تقریب میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق بھی شریک ہوئے، جبکہ سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار نے بسوں کے روٹس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کا کہنا تھا کہ پٹرول بحران کے دوران عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹرو بس اور ویڈا سروس پہلے ہی مفت سفر فراہم کر رہی ہیں، جبکہ شہریوں کے بڑھتے ہوئے رش کے باعث مزید 35 لوکل بسیں بھی بلا معاوضہ چلائی گئیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بسیں وہاڑی چوک سے مختلف روٹس پر شہریوں کو مفت سفری سہولیات فراہم کریں گی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے تحت پٹرول کی بچت کیلئے کفایت شعاری مہم جاری ہے اور فری بس سروس عوام کیلئے بڑا ریلیف ثابت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹرو، ویڈا اور لوکل بسوں کے فری فلیٹ سے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کے مطابق فری بسیں وہاڑی چوک سے نشتر ہسپتال، سورج میانی اور نادر آباد پھاٹک تک چلائی جا رہی ہیں، جبکہ عوامی ضرورت کے پیش نظر مزید روٹس پر بھی فری سروس شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

شہریوں نے فری بس سروس کے آغاز پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔