ملتان09 اپریل)اے پی پی): ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے کہا ہے کہ پولیس فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے معیاری تربیت نہایت ضروری ہے تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ وہ پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں پنجاب پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے جوانوں کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تربیت یافتہ جوان قانون کی عملداری، امن و امان کے قیام اور عوام کی خدمت میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔
کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج صادق علی ڈوگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ ہذا جدید تربیت سے لیس پولیس اہلکاروں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کر رہا ہے۔ تقریب میں سینئر افسران سمیت ریٹائرڈ پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر 39ویں بیچ کے زیرِ تربیت جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ مجموعی طور پر پنجاب پولیس کے 842 اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے 75 جوان تربیت مکمل کر کے پاس آوٹ ہوئے۔ ان جوانوں کا تعلق جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ مہمانِ خصوصی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو خصوصی اعزازات سے نوازا۔











