ڈی پی ایس میلسی منصوبہ حتمی مراحل میں داخل، گراؤنڈ بریکنگ تقریب کی تیاری شروع

13

ملتان، 01اپریل: ڈی پی ایس میلسی کے قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور منصوبہ انتظامی و مالی طور پر حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مخیر حضرات اور اوورسیز پاکستانیوں کو منصوبے میں شامل کرکے فنڈنگ بڑھانے کی حکمت عملی پر زور دیا گیا، جبکہ سکول کے لیے سرمایہ کاری کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر نے ڈی پی ایس میلسی کی شاندار گراؤنڈ بریکنگ تقریب منعقد کرنے اور لانچنگ ایونٹ کو بڑے پیمانے پر ترتیب دینے کی ہدایت کی تاکہ عوامی دلچسپی میں اضافہ ہو۔

انہوں نے ہدایت کی کہ زمینداروں، تاجروں، سیاسی و سماجی شخصیات کو تقریب میں مدعو کیا جائے، جبکہ منصوبے کے لیے حکومتی گرانٹ کے حصول کی کوششیں بھی جاری رکھنے پر زور دیا۔ کمشنر عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ ڈی پی ایس میلسی معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور اسسٹنٹ کمشنر میلسی نے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ عارضی طور پر دستیاب عمارت میں سکول کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ مستقل عمارت کی تعمیر مکمل ہوتے ہی سکول کو منتقل کر دیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ میلسی اور گردونواح کے طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ آن لائن درخواستوں کے اجرا کے لیے پورٹل متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ داخلہ نظام کو شفاف بنایا جا سکے۔ عمارت کی بہتری، فرنیچر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر وہاڑی کی سربراہی میں بورڈ آف گورنرز قائم کیا جائے گا، جبکہ ماہرین تعلیم پر مشتمل خصوصی اسٹیبلشمنٹ کونسل بھی تشکیل دی جائے گی۔ حکام کے مطابق ڈی پی ایس میلسی کا مالی ماڈل بھی تیار کر لیا گیا ہے جس میں آمدن اور اخراجات کا واضح پلان شامل ہے۔