اسٹیپ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ’’یومِ معرکۂ حق‘‘ کی پروقار تقریب، پاک فوج سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

8

سکھر 9 مئی ( اے پی پی) :اسٹیپ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ’’یومِ معرکۂ حق‘‘ کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرپرسن شائستہ بلوچ، لیڈیز ونگ کی ممبران اور دیگر خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاک فوج اور آرمی چیف عاصم منیر سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور وطن عزیز کے محافظوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ شرکاء نے پاک فوج کی قربانیوں، بہادری اور ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن شائستہ بلوچ نے کہا کہ پاک فوج ملک کی آن، بان اور شان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے ہماری بہادر افواج کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، شہداء کے بلند درجات اور پاک فوج کی مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔