کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت سنیما مالکان کا اجلاس، ملتان فلم سٹی اور مراعات پر غور

6

ملتان 09 مئی (اےپی پی): حکومت پنجاب نے ملکی فلم انڈسٹری اور سنیما کلچر کی بحالی کیلئے عملی اقدامات تیز کرتے ہوئے فلم سٹی منصوبے پر پیش رفت شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت سنیما مالکان اور فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فلم انڈسٹری کو دوبارہ فعال بنانے، سرمایہ کاری بڑھانے اور عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ملکی فلم انڈسٹری کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتی ہیں اور اس مقصد کیلئے خصوصی گرانٹس اور حکومتی سپورٹ فراہم کرنے کا جامع منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ فلم سٹی منصوبہ ملکی فلم انڈسٹری کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا جبکہ اس منصوبے سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو مثبت، معیاری اور صحت مند تفریحی ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت پنجاب فلم اور سنیما منصوبوں کیلئے این او سی کے حصول کو آسان بنانے کیلئے ون ونڈو آپریشن بھی شروع کرے گی تاکہ سرمایہ کاروں اور فلم میکرز کو سہولت فراہم کی جا سکے۔اجلاس میں سنیما مالکان نے بھی مختلف تجاویز پیش کرتے ہوئے پنجاب بھر کے سنیما گھروں کیلئے بجلی پر 75 فیصد سبسڈی دینے، آسان اقساط پر سولر سسٹم اور جنریٹرز فراہم کرنے، ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی اور جدید ڈیجیٹل سسٹم کیلئے خصوصی سافٹ ویئر تیار کرنے کی سفارش کی۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پنجاب سنسر بورڈ کا چیئرمین فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیت کو بنایا جائے جبکہ فلم سٹی مکمل فعال ہونے تک موجودہ سنیما گھروں میں غیر ملکی فلموں کی نمائش کی اجازت بھی دی جائے۔اجلاس میں فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے ٹیکس میں خصوصی رعایت اور نیشنل فلم پالیسی مرتب کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ سنیما مالکان نے حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی  کراتے ہوئے فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا۔