اسلام آباد،19مئی (اے پی پی ): اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے درمیان منگل کو ’’پاکستان کے ریزیلینٹ ریکوری، بحالی اور تعمیر نو فریم ورک منصوبے‘‘ کے تحت نیشنل ہائی وے این-5 کی بحالی کے فیز-1A کے لیے 320.16 ملین امریکی ڈالر کے قرض معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ یہ منصوبہ نیشنل ہائی وے (این-5) کے اہم حصوں پر مشتمل ہے جو سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا سے گزرتی ہوئی پاکستان کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔وزارت اقتصادی امور ڈویژن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق قرض معاہدے پر سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن محمد حمیر کریم اور اے آئی آئی بی کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر برائے پبلک سیکٹر و پروجیکٹ اینڈ کارپوریٹ فنانس (گلوبل) کلائنٹس کانسٹنٹن لیمیٹووسکی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ اے آئی آئی بی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے درمیان ایک علیحدہ پراجیکٹ معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وزارت مواصلات کے ایڈیشنل سیکریٹری اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن احد چیمہ نے اے آئی آئی بی کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بینک نے ہمیشہ پاکستان کا قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این-5 منصوبہ نہ صرف ملک کے پائیدار انفراسٹرکچر کو مضبوط بنائے گا بلکہ علاقائی رابطہ کاری، تجارتی سرگرمیوں اور معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن نے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے آئی آئی بی نے ہمیشہ پاکستان کے ایک مضبوط اور قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار کے طور پر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این-5 روڈ منصوبہ نہ صرف اس شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ باہمی اعتماد اور تعاون کو بھی فروغ دے گا جبکہ پاکستان کے پائیدار انفراسٹرکچر نیٹ ورک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این-5 کوریڈور پاکستان کے مختلف اہم علاقوں کو آپس میں ملانے کے باعث غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے جو علاقائی رابطہ کاری، پائیدار انفراسٹرکچر اور ملکی معاشی ترقی کو فروغ دے گا۔اے آئی آئی بی کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر نے حکومت پاکستان کے ساتھ مضبوط ترقیاتی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ این-5 منصوبہ ایک بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کوریڈور کا حصہ ہونے کے باعث سٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ این-5 کی تعمیر نو جدید، ماحول دوست اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ڈیزائن معیارات کے تحت کی جائے گی جس میں جدید ترین انفراسٹرکچر استعمال کیا جائے گا تاکہ منصوبہ موثر، پائیدار اور طویل المدتی بنیادوں پر کارآمد ثابت ہو۔یہ معاہدہ پاکستان اور اے آئی آئی بی کے درمیان تعاون میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور دونوں فریقوں کے پائیدار و مضبوط انفراسٹرکچر کی تعمیر، علاقائی رابطہ کاری کے فروغ اور دیرپا معاشی ترقی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔











