عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی و ستھرائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا ، ڈپٹی کمشنر

9

 

لودھراں،19 مئی( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی و ستھرائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گااور کہا کہ شہر، مضافات اور مویشی منڈیوں میں شفٹ وائز صفائی کا مؤثر نظام نافذ کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کے افسران سے بریفنگ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر ستھرا پنجاب ایجنسی فریحہ زہرا نے عیدالاضحیٰ صفائی پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ہدایت کی کہ عید سے قبل تمام عوامی مقامات کی صفائی مکمل کی جائے جبکہ قربانی کے جانوروں کی باقیات کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ زیرو ویسٹ مشن کے تحت دن رات کام کیا جائے گا اور فرائض میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی آپریشن کی ہائی لیول مانیٹرنگ کی جائے گی اور تمام افسران و عملہ ہر لحاظ سے چوکس رہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے جبکہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے مختلف مقامات پر کیمپس بھی قائم کئے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ٹیمیں ہمہ وقت الرٹ رہیں اور کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر ان کے نوٹس میں لایا جائے۔ انہوں نے زائد افرادی قوت اور مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

ڈسٹرکٹ آفیسر فریحہ زہرا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہروں اور مضافاتی علاقوں کی صفائی کیلئے خصوصی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ سیکٹر، وارڈز اور یونین کونسل سطح پر کیمپس قائم کئے جا چکے ہیں جبکہ ضلع بھر میں عارضی کولیکشن پوائنٹس اور آگاہی کیمپس بھی فعال کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بل بورڈز اور بروشرز کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے جبکہ 20 مئی سے آگاہی کیمپس باقاعدہ کام شروع کر دیں۔