نیویارک ،21 مئی ( اے پی پی): اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مشرقِ وسطیٰ اور فلسطین کی صورتحال پر بریفنگ کے دوران عاصم افتخار احمد نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں اور اب تک 880 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
پاکستان نے غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی، تمام گرفتار امدادی کارکنوں بشمول پاکستانی کارکن سعد ایدھی کی فوری رہائی، اور جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ سفیر عاصم افتخار نے مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری، مسجدِ اقصیٰ پر اشتعال انگیز کارروائیوں اور فلسطینیوں کی بے دخلی کی بھی شدید مذمت کی۔
پاکستان نے زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل صرف ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔











