مکہ مکرمہ،22 مئی( اے پی پی): 5 ذی الحجہ 1447 ہجری کے موقع پر لاکھوں مسلمان آ ج مسجد الحرم میں حج سے قبل آخری نمازِ جمعہ ادا کریں گے۔ دنیا بھر سے آنے والے 15 لاکھ سے زائد عازمینِ حج اس وقت مکہ مکرمہ میں موجود ہیں، جس کے باعث مسجد الحرام اور شہر کی دیگر مساجد میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
حکام کے مطابق حرم شریف میں گنجائش مکمل ہونے کے سبب اطراف کی ٹرانسپورٹ اور ٹیکسی سروس عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے تاکہ رش کو کنٹرول کیا جا سکے اور زائرین کی آمد و رفت کو منظم بنایا جا سکے۔
انتظامیہ نے ضعیف افراد، خواتین اور بچوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قریبی مساجد میں نمازِ جمعہ ادا کریں تاکہ غیر ضروری ازدحام سے بچا جا سکے۔
سعودی حکام نے شدید گرمی کے پیش نظر عازمینِ حج کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تاکید کی ہے، جن میں پانی کا زیادہ استعمال، دھوپ سے بچاؤ اور غیر ضروری پیدل سفر سے گریز شامل ہیں۔











