ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کی ترک قیادت سے اہم ملاقاتیں، جدید دفاعی ٹیکنالوجیز میں اشتراک بڑھانے  پر اتفاق

10

اسلام آباد،22مئی  (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے سرکاری دورہ ترکیہ کے دوران ترک وزیر دفاع، ترک فضائیہ کے کمانڈر اور بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں دفاعی تعاون، ایرو اسپیس جدت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال کادی اوغلو، ترکیہ کے وزیر قومی دفاع یاسر گولر اور بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرقدار سے ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے دفاع، ایرو اسپیس جدت اور نئی ٹیکنالوجیز کے میدان میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترک فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ملاقات کے دوران مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگراموں اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے ذریعے دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی تعاون اور آپریشنل ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک فضائیہ کے کمانڈر نے ترک پائلٹس کی تربیت میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا۔

ترکیہ کے وزیر قومی دفاع یاسر گولر سے ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تربیت، استعداد کار میں اضافے اور ایرو اسپیس تعاون کو فروغ دینے کے امور پر گفتگو کی گئی۔

دریں اثناء، بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرقدار سے ملاقات میں ایرو اسپیس جدت، بغیر پائلٹ فضائی نظام اور ابھرتی ہوئی دفاعی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقاتیں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون اور مشترکہ وژن کی عکاس ہیں۔