حطار گیس پائپ لائن حادثہ متاثرین میں امدادی رقوم تقسیم

11

ہری پور، 06 مئی (اے پی پی): وزیرِاعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر حطار گیس پائپ لائن کے المناک حادثے کے متاثرین میں امدادی رقوم کی تقسیم کے لیے ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس حادثے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔ تقریب کے دوران جاں بحق افراد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

وزیرِاعظم کے اعلان کردہ ریلیف پیکج کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین میں فی کس 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں میں 5 لاکھ روپے فی کس امداد تقسیم کی گئی تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری سہارا فراہم کیا جا سکے۔

تقریب میں ریٹائرڈ کیپٹن صفدر اعوان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی مکمل معاونت اور بحالی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم کی ہدایات پر فوری امدادی اقدامات کیے گئے جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا۔

انہوں نے پاک فوج کی بروقت ریسکیو کارروائیوں کو سراہا اور ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد کی فوری حکمت عملی مؤثر رابطہ کاری اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے متاثرین کی امداد کو ترجیح دی۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی بابر نواز سیکرٹری مسلم لیگ ن زینب خان رکن صوبائی اسمبلی شازیہ جدون اور ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عنایت عطا سمیت این ڈی ایم اے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی جو وفاقی اور صوبائی اداروں کے باہمی تعاون کی عکاسی ہے۔

تقریب کے دوران متاثرہ خاندانوں میں باقاعدہ طور پر امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔ مقررین نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی مسلسل معاونت بحالی اور مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متاثرہ خاندانوں نے بروقت مالی امداد پر حکومت پاک فوج این ڈی ایم اے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص ڈپٹی کمشنر وسیم احمد کی خدمات کو سراہا جنہوں نے امدادی کارروائیوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔

حکام نے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے صنعتی اور رہائشی علاقوں میں حفاظتی اقدامات اور مؤثر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔