اسلام آباد، 6 0مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کنگ سلمان ہسپتال منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ 9 سال سے زیر التواء کنگ سلمان ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ اب شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا تاہم آج اس کی تمام رکاوٹیں ختم کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ہسپتال دوست برادر ملک سعودی عرب کی گرانٹ سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی بولی دی جائے گی۔ ان کے مطابق ابتدائی طور پر 7 ارب روپے کی لاگت سے 200 بیڈز کا ہسپتال تعمیر کیا جائے گا جسے بعد ازاں 600 بیڈز تک توسیع دی جائے گی۔
وزیر صحت نے کہا کہ اس ہسپتال میں 8 بنیادی طبی شعبے قائم کیے جائیں گے اور ترلائی سمیت مضافاتی علاقوں کی عوام اس سے بھرپور مستفید ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور ایک سال کے دوران اسلام آباد کے ہسپتالوں میں 380 بیڈز کا اضافہ کیا جا چکا ہے جبکہ صحت سہولت پروگرام کے 19 ہسپتال شامل کیے جائیں تو مجموعی اضافہ 6633 بیڈز بنتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے معرکۂ حق کی کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کے ہر نوجوان کو اس کامیابی پر مبارکباد ہو۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں چھ گنا بڑے دشمن کے مقابلے میں جنگ میں فتح دی اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی سے پاکستان کی اہمیت دنیا کے سامنے آ گئی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو تیسری جنگ عظیم رکوانے کا ذریعہ بنایا اور اس کامیابی کے بعد سفارتی محاذ پر بھی مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کو مزید کامیابیاں عطا کرے۔











