اسلام آباد، 18 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو سستی اور بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولت دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے کی بس سروس پر حکومت کی جانب سے بھاری سبسڈی دی جا رہی ہے، جس سے لاکھوں شہری روزانہ مستفید ہو رہے ہیں۔ طلال چودھری کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان موجود ریلوے ٹریک پر لوکل ٹرین چلانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے اندر ٹرانسپورٹ کے نئے روٹس متعارف کرانے پر کام جاری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کم خرچ میں سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
قومی اسمبلی میں نادرا کے ذریعے جاری کیے جانے والے وراثت سرٹیفکیٹ کی فیس پر وضاحت دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ یہ سروس کمائی کے لیے نہیں بلکہ عوام کی سہولت کے لیے شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اس مد میں اب تک 3600.809 ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ ریکوری صرف 26.667 ملین روپے ہوئی ہے۔ یعنی حکومت اپنی طرف سے اس میں سبسڈی دے رہی ہے۔
طلال چودھری نے کہا کہ 10 ہزار اور 20 ہزار روپے کی فیس قانون سازی کے تحت عائد کی گئی ہے۔ اگر کسی وجہ سے وراثت سرٹیفکیٹ نہ بن سکے یا درخواست مسترد ہو جائے تو 10 ہزار والے کیس میں 5 ہزار اور 20 ہزار والے کیس میں 15 ہزار روپے واپس کر دیے جاتے ہیں، صرف پروسیسنگ فیس رکھی جاتی ہے۔











