ملتان۔ 27 مئی (اے پی پی):چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا عیدالاضحیٰ کے موقع پر غریب اور مستحق افراد کو ہرگز نظر انداز نہیں کرنا چاہیے بلکہ صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ وہ اپنی خوشیوں میں نادار طبقے کو بھی شریک کریں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا وطن عزیز کے دفاع کیلئے پاک فوج کے جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ چئیرمین سینٹ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پرحضرت موسیٰ پاک شہید پر نمازِ عید ادا کی، جہاں ملک کی سلامتی، ترقی، امن و استحکام، کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ امریکا ایک سپر پاور ہے اور وہ کسی کے بارے میں بھی اپنی رائے دے سکتا ہے، تاہم پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پالثی کا کردار ادا کررہا ہے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے تاہم دہشت گردوں کیلئے کسی قسم کی رعایت نہیں ہونی چاہیے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کوئی خفیہ معاملہ نہیں، تمام امور آئین اور پارلیمان کے دائرے میں رہ کر طے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ آنے والے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔صوبوں کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا صوبوں کے بارے میں بلاول بھٹو کا بیان سب کے سامنے ہے۔تمام سیاسی جماعتوں کو اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے اور جن معاملات پر اختلاف موجود ہے وہاں مشاورت کے ذریعے بہتری لانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے سب سے زیادہ بجٹ پاکستان پیپلزپارٹی کے دور میں جاری ہوا تھا تاہم ترقیاتی فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز کا اصل کام آئین سازی اور قانون سازی ہے جبکہ گلی محلوں کی تعمیر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ گراس روٹ لیول کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دیتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مثالی ہیں اور دونوں ممالک آل ویدر فرینڈز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل سی پیک سے وابستہ ہے اور سی پیک کے ذریعے نہ صرف خوشحالی آئے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔حکومت کی مدت پوری کرنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوۓ چئیرمین سینٹ نے کہا پاکستان مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا، تمام اداروں اور سیاسی قوتوں کو آئین کے مطابق چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کو پریشان نہیں کرنا چاہتے بلکہ جمہوری اور آئینی عمل کے استحکام پر یقین رکھتے ہیں۔جم خانہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہوں نے اس منصوبے کیلئے زمین اور فنڈز فراہم کیے تھے، اب حکومت اس حوالے سے جو فیصلہ کرے گی وہ اسی کی ذمہ داری ہے۔











