عیدالاضحیٰ 2026: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں ستھرا پنجاب کا تاریخی صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل، صفائی ہیروز کیلئے خصوصی انعام کا اعلان

17

پورے آپریشن کی نگرانی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی گئی، متعدد علاقوں میں ڈرون سرویلنس کے ذریعے بھی صفائی آپریشن کی نگرانی کی گئی، آئندہ سال یونین کونسل سطح پر باقاعدہ قربان گاہوں کے قیام کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کو صوبے کے ہر ضلع، تحصیل، یونین کونسل، گاؤں اور محلے تک مزید وسعت دی جائے گی: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب

لاہور، 30 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ستھرا پنجاب اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی ستھرائی کا تاریخی اور مثالی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ستھرا پنجاب اتھارٹی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صفائی آپریشن میں حصہ لینے والے صفائی ورکرز، افسران اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی اور 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے باوجود ستھرا پنجاب کے صفائی ہیروز نے مسلسل 72 گھنٹے دن رات کام کر کے عوام کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سرجری کے بعد صحت یابی کے دوران بھی صفائی آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کرتی رہیں اور ان کا پہلا سوال بھی صفائی انتظامات کے بارے میں تھا۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عید صفائی آپریشن میں ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد صفائی ورکرز نے حصہ لیا جبکہ 40 ہزار مشینری یونٹس، 12 ہزار اضافی لوڈر رکشے اور پک اپ گاڑیاں استعمال کی گئیں۔ پنجاب بھر میں 290 مویشی منڈیاں اور 1278 اجتماعی قربان گاہوں پر خصوصی صفائی انتظامات کیے گئے جبکہ 6500 مساجد اور عید گاہوں کی خصوصی صفائی اور دھلائی بھی کی گئی۔ شہریوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ماحول دوست بائیو ڈی گریڈیبل ویسٹ بیگز مفت تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر سے تین لاکھ 76 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور دیگر ویسٹ بروقت ٹھکانے لگایا گیا۔ صفائی کے دوران 21 لاکھ کلوگرام چونا، 40 ہزار لیٹر عرقِ گلاب اور ایک لاکھ 50 ہزار لیٹر فینائل استعمال کیا گیا تاکہ تعفن کا خاتمہ اور صحت مند ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پورے آپریشن کی نگرانی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی گئی۔ ستھرا پنجاب ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام سرگرمیوں کو مانیٹر کیا گیا جبکہ 41 ہزار سے زائد شہریوں نے ہیلپ لائن 1139 اور شہری ایپ کے ذریعے خدمات حاصل کیں۔ متعدد علاقوں میں ڈرون سرویلنس کے ذریعے بھی صفائی آپریشن کی نگرانی کی گئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صفائی ہیروز کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں ان کی تنخواہ کے علاوہ فی کس 10 ہزار روپے خصوصی انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکرز اصل ہیروز ہیں جنہوں نے اپنی عید قربان کر کے لاکھوں شہریوں کی عید کو خوشگوار بنایا۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ آئندہ سال یونین کونسل سطح پر باقاعدہ قربان گاہوں کے قیام کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کو صوبے کے ہر ضلع، تحصیل، یونین کونسل، گاؤں اور محلے تک مزید وسعت دی جائے گی۔ حکومت پنجاب ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام کے تحت ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں، بائیو گیس پراجیکٹس اور جدید ماحولیاتی اقدامات پر بھی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں اور ان کا وژن عوامی خدمت، ماحولیاتی تحفظ، صحت، تعلیم اور جدید انفراسٹرکچر کے ذریعے پنجاب کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانا ہے۔ بعد ازاں مریم اورنگزیب نے ستھرا پنجاب اتھارٹی کے افسران اور صفائی عملے سے ملاقات کی اور ان کی شاندار خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔