وزیرداخلہ محسن نقوی کی رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی سے ملاقات

18

مکہ مکرمہ،29 مئی ( اے پی پی):  وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے ملاقات کی ہے،رابطہ عالم اسلامی کے ہیڈ کوارٹر آمد پر شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے وزیرداخلہ کا خیر مقدم کیا ۔

ملاقات کے دوران اسلامی اور علاقائی امور سے متعلق متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلامی شعور و بیداری کو فروغ دینے میں رابطہ عالم اسلامی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے  حجاج کرام کے لیے بہترین انتظامات پر سعودی عرب کی حکومت کی تعریف کی ۔

اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے رواں سال حجاج کرام کی دیکھ بھال کے لئے شاندار انتظامات کئے۔ سعودی قیادت کے بہت شکر گزار ہیں۔   پاکستان اور سعودی عرب تاریخی اسلامی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو حج کی مبارکباد دی۔