فیصل آباد، 05 مئی (اے پی پی): متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر اور ممبر قومی پیغام امن کمیٹی حکومت پاکستان ڈاکٹر علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا ہے کہ معرکہ حق بنیان مرصوص کو نصاب کا حصہ بنایا جائے کیونکہ اس تاریخی فتح نے پاکستان کا وقار بلند کرتے ہوئے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ یہ بات انہوں نے فیصل آباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیئرمین علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، علامہ سکندر حیات ذکی، ڈاکٹر سید اسامہ بخاری، سید حسنین شیرازی، مولانا قاری خبیب حمید، صاحبزادہ طاہر محمود سیالوی، پروفیسر آصف رضا قادری، حافظ شاہد اشرف اور پاسٹر عمران لیاقت جمال بھی موجود تھے۔ ڈاکٹرضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں حاصل ہونے والی یہ عظیم کامیابی قومی اتحاد، عسکری مہارت اور سفارتی بصیرت کا روشن باب ہے جسے نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد معرکہ حق بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یوم تشکر منانا، افواج پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور قومی یکجہتی کے پیغام کو مزید مضبوط بناناہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص محض ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی خصوصی نصرت اور پوری قوم کے اتحاد و یکجہتی کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکے نے نہ صرف دشمن کے تکبر کو پاش پاش کیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری، دفاعی اور سفارتی حیثیت کو نئی بلندی عطا کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جن فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں کو اپنی عسکری برتری کی علامت سمجھتا تھا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور مقامی دفاعی صلاحیتوں کے بل بوتے پر انہیں تباہ کر کے پوری دنیا کو حیران کر دیا۔ یہ کامیابی پاکستان کی دفاعی خودکفالت اور عسکری برتری کا واضح ثبوت ہے۔ ڈاکٹر بخاری نے کہا کہ اس معرکے کے بعد پاکستان کی دفاعی مصنوعات اور مقامی ٹیکنالوجی کی عالمی سطح پر مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ دنیا بھر میں پاکستان کی عسکری مہارت اور دفاعی صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ کامیابی ہے جس نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک باوقار، ذمہ دار اور مضبوط ریاست کے طور پر مزید مستحکم کیا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو فخر ہے کہ اسے ایسا عظیم سپہ سالار میسر آیا جس نے اپنی قائدانہ بصیرت، حکمت عملی اور غیرمتزلزل عزم سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت نے قوم کو اتحاد، حوصلے اور استقامت کا نیا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص کو قومی درسی نصاب میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ نوجوان نسل اس عظیم فتح، افواج پاکستان کی قربانیوں اور قومی اتحاد کے اس درخشاں باب سے آگاہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق صرف ایک جنگی کامیابی نہیں بلکہ نظریاتی بیداری، قومی خودمختاری اور ریاستی استحکام کی علامت ہے۔ ڈاکٹر ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ آج تمام مذاہب، مسالک اور مکاتب فکر کے لوگ اپنی عبادت گاہوں میں افواج پاکستان کی کامیابی اور ملکی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے پوری قوم کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے اور تمام داخلی اختلافات پس پشت ڈال کر قوم ایک پرچم تلے متحد ہو چکی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگرچہ پاکستان نے روایتی جنگ میں واضح برتری حاصل کی، تاہم ففتھ جنریشن وار اور میڈیا وار اب بھی جاری ہے جس کے لیے قومی سطح پر مزید فکری بیداری، اتحاد اور موثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں پاکستان نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں، عالمی امن کے لیے موثر سفارتی کردار اور معرکہ حق بنیان مرصوص کی تاریخی فتح کی صورت میں تین بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں قومی قیادت اور افواج پاکستان کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔ پاسٹر عمران لیاقت جمال نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتی طبقات افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیسہ پلائی دیوار کو کوئی دشمن نقصان نہیں پہنچا سکتا کیونکہ پوری قوم متحد اور اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ دیگر مقررین نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص اتحاد امت، قومی یکجہتی اور استحکام پاکستان کی علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ملک میں انتشار، فرقہ واریت اور بیرونی پروپیگنڈے کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، افواج پاکستان کی کامیابی، شہداء کے درجات کی بلندی اور قومی اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے پاکستان پائندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔











