اسلام آباد،5مئی (اے پی پی):عظیم فتح، قومی عزم اور جرات کی شاندار داستان پر مشتمل کتاب ’’معرکہ حق ‘‘ کی پروقار تقریب رونمائی ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کتاب میں بھارتی جارحیت کےخلاف پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو اجاگر کیا گیا ہے جبکہ مقررین نے مدلل اور پراثراندازمیں کتاب کے مندرجات،تاریخی پس منظراور فکری جہتوں پرروشنی ڈالی۔
ڈاکٹر یوسف عالمگیرین نے کہا کہ معرکہ حق نئی نسل کےلئے مشعل راہ اور جذبہ حب الوطنی کےفروغ کااہم ذریعہ ہے،کتاب میں معرکہ حق کے ولولہ انگیزلمحات کونہایت مہارت اور جامع انداز سے پیش کیا گیا ہے ،یہ پاکستان کے دفاع،وقار اور دانشمندانہ سفارت کاری کی بہترین عکاس ہے۔
مصنف کرنل(ر)اشفاق حسین نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کادشمن کی جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننا اس کتاب کا بنیادی موضوع ہے،قوموں کی تاریخ محض واقعات سے نہیں بلکہ جذبوں،قربانیوں اور اجتماعی شعورسے مرتب ہوتی ہے ۔
معروف عسکری تجزیہ کاراور مصنف بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) صولت رضانے کہا کہ معرکہ حق قومی تاریخ میں اہم اور قابل قدر اضافہ ہے، اس کتاب مصنف نے نہایت مہارت سے معرکہ حق کے ولولہ انگیز لمحات کو تحریر کے قالب میں ڈھالا جو ان کے گہرے مشاہدے کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کتاب نہ صرف ماضی کو محفوظ کرتی ہے بلکہ مستقبل کے لیے فکری سمت بھی متعین کرتی ہے،بھارتی جارحیت کے جواب میں افواج پاکستان کا آپریشن بنیان مرصوص پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی کا عکاس تھا جس نے پاکستان اور پاکستانی قوم کو دنیا میں نئی پہچان دی ۔
ان کا کہنا تھا کہ مصنف نے معرکہ حق میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لازوال جذبے کو بڑے جامع اور موثر انداز میں اجاگر کیا ۔مجتبیٰ حیدرنے کہا کہ یہ تصنیف نئی نسل کے لیے ایسا چراغ ہے جس کی روشنی میں وہ قومی وقار اور دفاع وطن کی اہمیت سے روشناس ہوتے رہیں گے ،ایسی تصانیف قومی شعور کو بیدار رکھنے اور نئی نسل کو جذبہ حب الوطنی سے سرشار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔











