ملتان: معرکہ حق بنیاں مرصوص کانفرنس، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین

21

ملتان، 04 مئی (اے پی پی): مرکزی علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام معرکہ حق بنیاں مرصوص کانفرنس ختمِ نبوت اسلامک ریسرچ سنٹر میں منعقد ہوئی جس میں سابق وفاقی وزیر حاجی اکرم انصاری اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

سابق وفاقی وزیر حاجی اکرم انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق بنیاں مرصوص نے پاکستان کو مزید مضبوط بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کا مقصد ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانا اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا تھا۔

مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خطاب میں معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیاں مرصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی حکمت عملی، ملکی بقا اور دفاعی صلاحیتوں کا ایک شاندار باب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق بنیاں مرصوص نے جنوبی ایشیا کی تاریخ کا رخ تبدیل کیا اور پاکستان کے دفاعی عزم کو نئی شناخت دی۔ ان کے مطابق یہ آپریشن ریاستی حکمت عملی، عسکری، سفارتی اور عوامی ہم آہنگی کا عملی مظہر تھا جس کے باعث دشمن کے عزائم ناکام ہوئے۔

شرکاء نے کہا کہ پاکستانی قوم نے افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا، جبکہ معرکہ حق ایک محض فوجی کارروائی نہیں بلکہ ایک قومی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان نے مؤثر حکمت عملی کے ذریعے اپنا مؤقف مضبوط کیا جس کے نتیجے میں دشمن کو تنہائی کا سامنا کرنا پڑا۔

کانفرنس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔