ملتان ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق کی زیر صدارت اجلاس، ماڈل کیٹل منڈیوں میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

9

ملتان ،5 مئی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی سطح پر کیے جانے والے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید کے موقع پر غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور اس سلسلے میں فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سرکاری سطح پر مویشی منڈیاں قائم کرنے کے اقدامات کو تیز کیا جائے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

 انہوں نے کہا کہ منظور شدہ کیٹل منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں کے لیے صاف پانی، سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کا مکمل انتظام ہونا چاہیے۔اجلاس میں ماڈل کیٹل منڈی سامو رانہ میں تمام انتظامات مکمل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے واضح کیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی.