کوئٹہ 19 مئی (اے پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بلوچستان میں سیکیورٹی، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت، منصوبہ بندی اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے بلوچستان اور باقی ملک میں انسداد دہشتگردی کے لیے چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بلوچستان میں عوامی فلاح کے اقدامات پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور ان کی ٹیم کی پذیرائی بھی کی۔
وزیراعظم نے رخشان ڈویژن میں فرنٹیئر کور تعینات کرنے کی ہدایت کی تاکہ معدنیات کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی راہداری قائم ہو۔ اس میں فرنٹیئر کور کے اضافی ونگز، شاہراہوں پر چیک پوسٹس، سرویلنس گرڈ اور سرحدی پوسٹس شامل ہوں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نومبر 2024 سے اب تک بلوچستان میں کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، 99 فیصد سکول کھلے ہیں، اور شمسی توانائی کے منصوبے سے 15 ہزار گھروں کو فائدہ پہنچا ہے جس سے 105 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی، وفاقی وزراء خواجہ آصف، احسن اقبال، محسن نقوی، عطا اللہ تارڑ، خالد مگسی، جام کمال خان، رانا ثناء اللہ اور متعلقہ افسران شریک تھے۔











