وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے درمیان لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط

7

اسلام آباد، یکم مئی ( اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام(پی ایم وائی پی) اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے درمیان ایک لیٹر آف انٹینٹ (LoI) پر دستخط کیے گئے ہیں جس کا مقصد پاکستان بھر میں کھیلوں، اولمپک تعلیم اور اولمپک اقدار کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی کو مضبوط بنانا ہے۔

یہ لیٹر آف انٹینٹ پاکستانی نوجوانوں کو منظم کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے بااختیار بنانے، قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے، شمولیت کو یقینی بنانے اور اولمپک چارٹر کے مطابق اولمپک موومنٹ کے اصولوں کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اس تعاون کا مقصد گراس روٹ سے لے کر ایلیٹ سطح تک نوجوانوں کی کھیلوں میں شرکت کو فروغ دینا، ٹیلنٹ کی شناخت اور ترقی کے لیے مؤثر راستے قائم کرنا، اور اولمپک تعلیم، دیانت داری، سیف اسپورٹس، اخلاقی اقدار اور کھیلوں میں مقابلوں کی ہیرا پھیری کی روک تھام جیسے موضوعات پر منظم پروگراموں کو فروغ دینا ہے۔

اس شراکت داری کا ایک اہم پہلو خواتین کی کھیلوں میں شمولیت اور قیادت کو فروغ دینا بھی ہے، جس کے لیے ایسے جامع پروگرام اور آگاہی اقدامات ترتیب دیے جائیں گے جو اولمپک اقدار یعنی اعلیٰ کارکردگی ، احترام  اور دوستی  سے ہم آہنگ ہوں گے۔

طے شدہ فریم ورک کے تحت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن تکنیکی مہارت اور پروگرام ڈیزائن میں معاونت فراہم کرے گی جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اپنے ڈیجیٹل اور ادارہ جاتی نیٹ ورکس کے ذریعے نوجوانوں تک رسائی، شمولیت اور رابطہ کاری کو ممکن بنائے گا۔

دونوں ادارے سالانہ ایکشن پلانز کی تیاری اور نگرانی کے لیے ایک مشترکہ اسٹیئرنگ کمیٹی بھی قائم کر سکتے ہیں تاکہ اولمپک ڈے کی تقریبات، یوتھ فیسٹیولز اور کھیلوں سے متعلق قومی آگاہی مہمات جیسے اقدامات کو مؤثر انداز میں ملک بھر میں نافذ کیا جا سکے۔

یہ لیٹر آف انٹینٹ چار سال کی مدت کے لیے مؤثر ہوگا اور باہمی رضامندی سے اس میں توسیع بھی کی جا سکے گی۔ اس معاہدے کے تحت کسی بھی فریق پر کوئی مالی ذمہ داری عائد نہیں ہوگی اور تمام سرگرمیاں باہمی طور پر طے شدہ سالانہ منصوبہ جات کے مطابق انجام دی جائیں گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام  رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کھیل محض تفریح نہیں بلکہ قوم سازی، کردار سازی، نظم و ضبط اور قیادت کے فروغ کا ایک طاقتور ذریعہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام ایک صحت مند، مضبوط اور بااعتماد نوجوان نسل کا وژن رکھتا ہے۔ یہ لیٹر آف انٹینٹ نوجوانوں کی بااختیاری کو دیانت داری، اخلاقیات اور سیف اسپورٹس کے عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر  عارف سعید نے  اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ملک بھر میں اولمپک اقدار کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ یہ لیٹر آف انٹینٹ ایک اسٹریٹجک اقدام ہے جس کے ذریعے اولمپک تعلیم اور کھیلوں کی ثقافت کو نوجوانوں کی ترقی کے پلیٹ فارمز میں شامل کیا جائے گا۔ اس سے پاکستان میں اولمپک موومنٹ مضبوط ہوگا اور نوجوان کھلاڑیوں اور رہنماؤں کی نئی نسل کو متاثر اور متحرک کیا جا سکے گا۔ہم وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ مل کر سیف اسپورٹس کے فروغ، مقابلوں میں دیانت داری، اور خصوصاً خواتین کی زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور تعاون کے خواہاں ہیں تاکہ پاکستان قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے میدان میں مزید اعتماد کے ساتھ آگے بڑھے۔

یہ لیٹر آف انٹینٹ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام جناب رانا مشہود احمد خان اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جناب عارف سعید نے دستخط کر کے طے کیا۔