اسلام آباد، 1مئی (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن فرح ناز اکبر نے اسلام آباد کلب کے پولو گراؤنڈ میں نوجوان خواتین وکلا کے اعزاز میں خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں اسلام آباد بار ویمن ونگ کی معزز خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے وابستہ خواتین وکلا کی نمایاں موجودگی بھی دیکھنے میں آئی۔
اپنے خطاب میں فرح ناز اکبر نے نوجوان اور باصلاحیت خواتین وکلا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے قانونی شعبے کا روشن مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ویژن وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت اور خواتین کی ترقی کے ایجنڈے سے ہم آہنگ ہے۔
انہوں نےکہا کہ وفاقی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے، جن میں تعلیم، روزگار اور قانونی شعبے میں مساوی مواقع کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان وکلا کو آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ معرکہ حق کو روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا، جس میں خواتین کی فعال شرکت یقینی بنائی جائے گی۔
فرح ناز اکبر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کےلیے انتہائی اہم اور موثر کردار ادا کیا ہے۔ آج پاکستان امن، مذاکرات اور استحکام کی ایک مضبوط آواز بن کر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہے اور ترقی کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔
تقریب کے دوران نوجوان خواتین وکلا نے قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور فرح ناز اکبر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور خواتین کی ترقی کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔











