وفاقی وزیر خالد حسین مگسی کی یونیسف کے وفد سے ملاقات

6

اسلام آباد، یکم مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے یونیسف کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں ماؤں اور بچوں کی صحت پر سیسے کے خطرناک اثرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

خالد مگسی نے سیسے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکومتی اور ریگولیٹری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں پی سی ایس آئی آر کراچی میں لیڈ فری ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کی تجویز پر غور کیا گیا، ساتھ ہی لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں لیبارٹری کے ذیلی مراکز قائم کرنے کی بھی تجویز زیر بحث آئی۔ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی  کے تحت پینٹس، کاسمیٹکس اور خوراک میں سیسے کی حد سے متعلق قوانین مزید سخت بنانے پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے عوامی آگاہی کے لیے قومی سطح پر مہمات اور سیمینارز کے آغاز پر زور دیا۔ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن سیسے کے نقصانات پر ملک گیر آگاہی سیمینارز کا آغاز کرے گی۔

اجلاس کو پاکستان کو سیسے سے پاک اور محفوظ مستقبل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ۔