وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں پر پیش رفت اور نئے منصوبوں کی تجاویز پر جائزہ اجلاس،وزیراعظم کی نوجوانوں کیلئے آئی ٹی، ہنر اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی ہدایت

6

اسلام آباد، 13 مئی  (اے پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں پر پیش رفت اور آئندہ برس کیلئے نئے منصوبوں کی تجاویز پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت کی کہ جامعات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی تکنیکی و فنی تربیت پر توجہ مرکوز کرے تاکہ نوجوانوں کیلئے ملک اور بیرون ملک روزگار کے مواقع یقینی ہوں۔

وزیراعظم نے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کیلئے مختلف آسان قرضہ اسکیموں کو ایک چھتری تلے لانے اور کم آمدن و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کیلئے یوتھ پروگرام کو وزارت صنعت کے ساتھ تعاون کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے قیام سے اب تک 8 لاکھ سے زائد نوجوان اور 2 ہزار سے زائد ادارے رجسٹر ہو چکے ہیں جبکہ روزانہ 4800 سے زائد درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز کے تحت اب تک 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد نوجوانوں کو 122.5 ارب روپے کاروبار و زراعت کیلئے آسان شرائط پر قرض دیے جا چکے ہیں، جس سے 9 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک کی پہلی یوتھ اینڈ ایڈالیسینٹ پالیسی اور پہلی یوتھ روزگار پالیسی تیار ہو چکی ہے۔ ملک میں پہلی قومی یوتھ کونسل کا قیام اور وزیرِ اعظم اسپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اجراء بھی ہوا ہے۔ سپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں رواں برس 4 لاکھ نوجوانوں نے حصہ لیا، جن میں سے کئی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، چیئرمین HEC ڈاکٹر نیاز احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔