لاہور، 06 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ملاقات میں ارکان اسمبلی نے پنجاب بھر میں جاری ڈویلپمنٹ اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کو سراہا اور ارکان اسمبلی کا سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر وتوسیع، ڈرینج اور صاف پانی کی فراہمی کے مثالی گاؤں پراجیکٹس کو خراج تحسین پیش کیا۔ارکان اسمبلی کاپہلی مرتبہ شہروں کی طرح دیہات میں بھی ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کا مربوط نظام لانے پر اظہار مسرت کیا۔ ملاقات میں پنجاب کی 13ہزار سڑکوں کی تعمیرو مرمت اور توسیع کو بھی سراہا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہوچکا ہے۔ تین ہزار سے زائد مراکز صحت کا سٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ کلینک میں بدلنے سے ہیلتھ کلچر بدل گیا۔ اور پنجاب کے پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور نواز شریف میڈیکل سٹی کو جلد از جلد مکمل کریں گے۔ مریم نواز شریف نے بتایا کہ پہلا سرکاری آٹزم سکول مریض بچوں کے لئے روشنی کی کرن اور سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بننے سے مریضوں کو آسانی اور سہولت حاصل ہوئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر ضلع میں کیتھ لیب پراجیکٹ کی وجہ سے امراض دل کا فوری اور موثر علاج ممکن اور ہر ضلع میں فالج کے فوری علاج کے لئے سٹروک مینجمنٹ سنٹر قائم کیے جارہے ہیں جبکہ اپنا چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت سوا لاکھ کے لگ بھگ گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں بے روزگار اور بے زمین کاشتکاروں کے لئے اپنا کھیت، اپنا روزگار پراجیکٹ شروع کررہے ہیں۔الیکٹرک بس پنجاب کے ہر دوردراز دیہات میں عوام کو آرام دہ اور مفت سفر کی سہولت مہیا کررہی ہے۔











