وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی سے مرکزی تنظیم  تاجران پاکستان کے وفد کی ملاقات

8

اسلام آباد،23 مئی ( اے پی پی):  وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم لانے کی تجویز پر غور کرے گی۔یہ یقین دہانی انہوں نے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کرائی، جس کی قیادت صدر کاشف چوہدری نے کی۔

وفد نے آئندہ بجٹ کے حوالے سے ریٹیل اور ہول سیل شعبے کے لیے مختلف ریگولیٹری تجاویز پیش کرتے ہوئے نظام میں موجود رکاوٹیں دور کرنے، انتظامی امور کو آسان بنانے اور تاجروں کی جانب سے رضاکارانہ ٹیکس عمل درآمد کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی سفارشات دیں۔ تاجروں نے بجٹ میں آسان ٹیکس سکیم متعارف کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

‎تاجروں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مشاورتی عمل کو سراہتے ہوئے وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی کے کردار کی تعریف کی۔

‎بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول کے فروغ اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے تجارتی شعبے کے ملکی معیشت اور روزگار میں کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ تاجروں کی تمام تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ریونیو اور تجارتی ترقی کے درمیان توازن قائم رکھا جا سکے۔