اسلام آباد،13 مئی(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت ٹیکس اصلاحات اور آئندہ وفاقی بجٹ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ایف بی آر حکام نے آئندہ بجٹ کے لیے زیر غور تجاویز پر بریفنگ دی جبکہ ٹیکس نظام میں بہتری، شفافیت اور نفاذ کو مؤثر بنانے کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ٹیکس نظام سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ حکومت ایسی ٹیکس اصلاحات متعارف کرانے کی خواہاں ہے جو کاروباری ماحول میں بہتری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی خودکار نظام عوام اور اداروں دونوں کے لیے سہولت کا باعث بن سکتا ہے۔
اجلاس میں کسٹمز سے متعلق امور، ای آکشن سسٹم، اور ٹیکس نظام میں مزید بہتری کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ تمام تجاویز کو اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ اصلاحات عملی اور نتیجہ خیز ثابت ہوں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر مصدق ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











