وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا معرکۂ حق اور یوم مزدور کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب

10

چکوال،01مئی( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے معرکۂ حق اور یومِ مزدور کے موقع پر ضلع چکوال کے علاقے چوہ سیدن شاہ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج جس مقام پر کھڑے ہیں، وہ عوام اور مزدوروں کی بدولت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ مزدور محنت کش طبقے کے حقوق کے حصول کے عزم کی تجدید کا دن ہے، جسے 1889 میں عالمی سطح پر منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ اور مضبوط قیادت میں پاکستان ترقی، استحکام اور قومی سلامتی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ خود کو مزدوروں اور غریب عوام کا نمائندہ سمجھتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مزدوروں کو ای او بی آئی میں رجسٹر کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی جبکہ ورکر ویلفیئر فنڈ اور منرل ڈیپارٹمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ملک کی معاشی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے۔علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برس دشمن کے خلاف کامیابی حاصل کی اور دنیا میں اپنا مؤثر کردار ثابت کیا۔

 انہوں نے قائد محمد نواز شریف کے ایٹمی دھماکوں کے فیصلے کو جرات مندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ موٹروے بھی سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے تحفوں میں سے ایک تحفہ ہے جو بڑی سہولت ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ معرکۂ حق کو روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا، جس میں مزدوروں کی فعال شرکت یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے انتہائی اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ آج پاکستان امن، مذاکرات اور استحکام کی ایک مضبوط آواز بن کر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہے اور ترقی کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اخراجات میں کمی لا رہی ہے۔پنجاب حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دن رات صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں اور دیگر صوبوں کو بھی پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی سے سیکھنا چاہیے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مزدور طبقے کی فلاح و بہبود، قومی ترقی اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔اس موقع پر پاکستان ورکرز فیڈریشن کے صدر حاجی نور اللہ یوسفزئی، آرگنائزر پنجاب پاکستان مائنز ورکرز فیڈریشن اینڈ انڈسٹری گلوبل یونین رحمت علی یوسفزئی، جنرل سیکرٹری شریف الدین یوسفزئی اور راجہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔