لودھراں میں ہیلتھ اصلاحات پر عملدرآمد، نجی ہسپتال برتھ و ڈیتھ رجسٹریشن آن لائن کرنے کے پابند

17

لودھراں,16 مئی)اے پی پی ) :حکومت پنجاب کی جانب سے ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور کنسلٹنٹس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عظیم ریاض، ڈاکٹر عمر اقبال سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجی ہسپتالوں کو برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن کیلئے آن لائن ڈیٹا فیڈ کرنے کا پابند بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا پورٹل سے منسلک نئے سسٹم کا مقصد ہیلتھ سیکٹر میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینا اور ریکارڈ کو شفاف بنانا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ نجی ہسپتالوں کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز نادرا سسٹم میں لاگ ان کو یقینی بنائیں تاکہ پیدائش اور اموات کے اندراج کا عمل مؤثر انداز میں مکمل ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب عوام کو منظم انداز میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور برتھ و ڈیتھ رجسٹریشن یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے عطائیوں کی نشاندہی اور خون فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نجی کلینکس اور ہسپتالوں میں ہیلتھ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نظر آنا چاہیے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹلائزیشن پراسس سے منسلک ہونے کیلئے ای خدمت مرکز سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔