مکہ مکرمہ، 22 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور پاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین اس وقت مکہ مکرمہ میں موجود ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے دورانِ حج رہنمائی کے لیے ناظمین کی تربیت اور تقرری مکمل کر لی ہے جبکہ ہر 188 حجاج کے گروپ کی قیادت ایک ناظم کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حج کے اختتام پر موبائل ایپ کے ذریعے عازمین سے فیڈبیک لیا جائے گا اور اس کے اعداد و شمار پاکستان واپسی پر جاری کیے جائیں گے۔
حج مشن حکام کے مطابق شکایات اور رہنمائی کے لیے پاک حج موبائل ایپ اور ٹال فری نمبر چوبیس گھنٹے فعال ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ امسال خوراک، کھانے اور ٹرانسپورٹ سے متعلق شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا۔
مزید بتایا گیا کہ 23 ہزار عازمین کرام کو موبائل ایپ اور حرم گائیڈز کے ذریعے رہنمائی فراہم کی گئی۔ رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ سے متعلق شکایات کا تناسب بالترتیب 0.32، 0.71 اور 0.52 رہا جبکہ ان شکایات کے ازالے کا تناسب 89 فیصد، 70 فیصد اور 90 فیصد رہا۔ باقی شکایات کو غیر متعلقہ قرار دیا گیا۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ عازمین حج کو 7 اور 8 ذی الحجہ کی درمیانی شب منیٰ منتقل کیا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستانی عازمین حج پر زور دیا کہ وہ اپنے بہترین نظم و ضبط سے پاکستان کے وقار میں مزید اضافہ کریں۔











